نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا بہترین اقدام، میاں کاشف
لاہور(اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ تمام ٹیکس نادہندگان اور نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا معاشی استحکام اور مالیاتی فریم ورک کو بہتر بنانے کی جانب ایک قابل ستائش قدم ہے ۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے تمام حقیقی ٹیکس دہندگان پر ٹیکس کے بوجھ کو منصفانہ بنانے میں مدد ملے گی، زیادہ شفاف اور مساوی مالیاتی نظام کے قیام سے ٹیکس کی بنیاد وسیع ہو گی، ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور بنیادی ڈھانچے ، تعلیم اور صحت سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری ممکن ہو سکے گی، اس سے بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار کم ہو گا جس سے غیر متناسب طور پر کم آمدنی والے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور سماجی مساوات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسی ریٹ کو کم کرنا بھی ایک اسٹریٹجک اقدام ہے جو حکومت کے وسیع تر اقتصادی وژن کا عکاس ہے ، سود کی شرح کم کرنے سے قرضوں کا حصول سہل اور بوجھ کم ہو گا جس سے کاروباروں کی توسیع، نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔