اسٹاک ایکسچینج : تین نفسیاتی حدیں گرگئیں، 194 ارب خسارہ
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انڈیکس 3 نفسیاتی حدیں گرگیا۔
رول اوور ویک کے سبب کمپنیوں کی جانب سے بیلنس شیٹ کی ایڈجسٹمنٹس کیلئے حصص کی وسیع پیمانے پر آف لوڈنگ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو اتارچڑھاو کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے جس سے 100 انڈیکس کی 1 لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 63.15 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 94 ارب 4 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار 884روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز گرین زون سے ہوا تھا، تاہم وقفے وقفے سے دوران ٹریڈنگ اتارچڑھاو کا رحجان دیکھنے میں آیا اور پھر مسلسل مندی سے انڈیکس گراوٹ کا شکار ہوگیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1509 پوائنٹس کی کمی سے 112414 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 535 پوائنٹس کی کمی سے 35508 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 961 پوائنٹس کی کمی سے 70668 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2719 پوائنٹس کی کمی سے 174221 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 3 فیصد کم رہا۔مجموعی طور پر 456 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 120 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 288 میں کمی اور 39 میں استحکام رہا۔