پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کاباکو میں ٹریڈ آفس کے قیام کااعلان

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کاباکو میں ٹریڈ آفس کے قیام کااعلان

لاہور (آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آذربائجان کی انٹرنیشنل سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت گروپ کے چیئرمین مسٹر بابک کر رہے تھے ۔پنجاب اسمبلی میں صوبائی وزیر کے آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور زرعی اجناس کی برآمد پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے وفد کو پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین گروپ مسٹر بابک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب سے آذربائجان کو گوشت،کپاس،چاول اور ایل پی جی گیس کی برآمد میں دلچسپی رکھتا ہے ،گروپ نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام باکو پنجاب ٹریڈ آفس کھولنے کی پیشکش بھی کی اور پیمکو کے زیر انتظام سلاٹر ہاؤس کی لیز آؤٹ میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام باکو میں پنجاب ٹریڈ آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گاجس سے پاکستان اور آذربائجان کے تجارتی تعلقات مستحکم ہوں گے ۔صوبائی وزیر نے باکو میں پنجاب ٹریڈ آفس کے قیام کے لئے تیزی سے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ سلاٹر ہاؤس کے حوالے سے وفد کی سیکرٹری لائیو سٹاک سے ملاقات کرائی جائے گی۔چوہدری شافع نے کہا کہ پنجاب زرعی صوبہ ہے ،زرعی اجناس کی برآمدات کے حوالے سے آذربائجان کے گروپ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور گروپ کے دیگر افراد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں