پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انسداد پولیو ٹیم نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب، نیشنل کوآرڈی نیٹر، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر انوار الحق موجود تھے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈپٹی نیشنل ٹیم لیڈ ڈاکٹر صوغائر اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر محمد صفدر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس مہم کے لئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں جنکی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے تمام شعبوں، بشمول انسداد پولیو میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ صحت عامہ اور دیکھ بھال کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے تاکہ ان مہمات کو اور زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات لئے جائیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم کو انسداد پولیو کی حالیہ مہم اور اس کے نتائج پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی افراد کی مدد سے انسداد پولیو تحریک کو کامیاب بنایا جا رہا ہے۔