پی ٹی آئی کے دوست کھلے دل سے مذاکرات کریں، مطالبات پر غور کرینگے: احسن اقبال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست کھلے دل سے مذاکرات کریں، حکومت آئین وقانون کے دائرے میں جو مطالبہ ہوگا اس پر غور کرے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سنجیدگی سے بات چیت کررہے ہیں، امید کرتا ہوں پی ٹی آئی کے دوست بھی کھلے دل سے مذاکرات کریں گے، حکومت آئین وقانون کے دائرے میں جو مطالبہ ہوگا اس پر غور کرے گی ،ہم چاہتے ہیں سڑکوں پر فساد اورانتشار نہ ہو۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو شخص جوڈیشل ریمانڈ پر ہوتا ہے اس کی رہائی عدالت سے ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی دوسروں کو کہتے تھے رسیدیں دکھاؤ تو اب آپ بھی رسید دکھاؤ، سرکاری تحائف کی رسید دکھا دیں آپ کو کچھ نہیں کہاجائے گا، میں نے بھی پی ٹی آئی کے بنائے جھوٹے کیس بھگتے، ہم نے مقدمے لڑکر عدالتوں سے رہائی حاصل کی،باہر کسی کے پاؤں نہیں پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی اڑان پانچ سالہ منصوبہ ہے، معاشی اڑان پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا ہے، ہماری آئی ٹی بر آمدات کم نہیں ہوئیں،34فیصد بڑھی ہیں، 15سالہ اقتدار کا پلان اورہے جبکہ ملک کی ترقی کا پلان اور ہے، گزشتہ حکومت میں 2025کا سی پیک پلان بند کردیا گیا۔