کراچی بورڈ: انٹر نتائج تنازع پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان
کراچی :(دنیا نیوز) چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج پر طلبہ کے تحفظات کے بعد انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔
بورڈ ذرائع کے مطابق چند روز قبل انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے تاریخ کے بدترین نتائج کا اعلان کیا گیا جس پر سندھ حکومت نے چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر امیر حسین قادری کو عہدے سے فارغ کرکے چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ اضافی چارج دے دیا۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے 3 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ سے میٹنگ کی، جس میں طلبہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کے اعتماد کوبحال کیا جا سکے، کمیٹی اس تمام معاملہ کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔
چیئرمین انٹربورڈ سید شرف علی شاہ نے طلبہ اور والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویز براہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں تاکہ کمیٹی ان کا بھی جائزہ لے سکے۔
علاوہ ازیں چیئرمین انٹربورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ جو طلبہ جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ سکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروا دیں۔