حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ہونیوالے مذاکرات تعطل کا شکار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ہونیوالے مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے تحریری طور پرمطالبات نہ دینے پر مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوئے، سپیکرایازصادق بھی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے سے گریزاں ہیں، مذاکرات کاتیسرا دور کب ہوگا،کچھ معلوم نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ میٹنگز میں ہونیوالی ہماری باتوں کو ہی تحریری مطالبات سمجھا جائے، کسی صورت مذاکراتی عمل کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، حکومتی کمیٹی اصل فیصلہ سازوں اور سٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لے۔
دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نےکہا ہے کہ مطالبات تحریری طور پرپیش نہیں ہوتے تومذاکرات مشکلات کاشکار ہوسکتےہیں، پی ٹی آئی نے دونوں میٹنگز میں تحریری مطالبات دینے کا وعدہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ کا فیصلہ کرے گی، چارٹر ماننے کی صورت میں تحریک انصاف کو حکومت سے تحریری معاہدہ بھی کرنا ہو گا۔