سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز، 19 خوارج ہلاک، تین جوان شہید

راولپنڈی :(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی، ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی اور ضلع کرک میں 6 اور 7 جنوری کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، پشاور کے علاقہ متنی میں سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں 8 خوارج ہلاک کئے گئے۔

دوسری کارروائی ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جس میں 8 خوارج مارے گئے جبکہ ضلع کرک میں تیسری کارروائی کے دوران 3 خوارج جہنم واصل کئے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 3 بہادر سپوت جام شہادت نوش کرگئے، شہید ہونے والوں میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر، نائید محمد عثمان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں