کسٹمز میں جدید نظام متعارف کرانا بہت بڑی کامیابی ہے: وزیر اعظم
کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محکمہ کسٹمز میں جدید نظام متعارف کرانا بہت بڑی کامیاب ہے، جدید خودکار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو گی، ٹیکس چوری میں کمی آئے گی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز کے تمام افسران، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے 77 سال بعد وہ کامیابی حاصل کی جس کی اس قوم کو ضرورت تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی خوشحالی کیلئے ناگزیر تھی، حکومت صحت کے شعبے میں مزید بہتری کیلئے کوشاں ہے، ایف بی آر اور کراچی پورٹ کے افسران کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز سسمنٹ کے آغاز پر افسران سے چبھتے ہوئے سوال کیے، افسران نے سوالوں کے جواب دیئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید نظام کے تحت کلیئرنس کا عمل 107 گھنٹے سے کم ہو کر 19 گھنٹے پر آگیا ہے، فیس لیس سسٹم سے 88 فیصد درآمد کنندگان مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل شروع کیا، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فیس لیس سسٹم سے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا، ٹیکس سلیبز سے چوری میں کمی آئے گی، باہر سے سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیکس سلیب کم کرنے ہوں گے، ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار کی گئی، اب رونے دھونے کا فائدہ نہیں، بہت جلد ٹیکس سلیب کم کریں گے، اگر محصولات اور ہدف میں 400 ارب روپے کا گیپ ختم کیا تو انعام دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اُڑان پروگرام کے تحت اُڑان بھرنے کیلئے سب کو مل کر معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ہمیں بجلی کی قیمت کم کرنی ہے مگر بجلی میں 2500ارب روپے سے زائد کا گردشی قرضہ ہے، تمام ڈسکوز کو باہمی مشاورت سے صوبوں کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کوسہولتوں کی فراہمی کیلئے ٹیکس اصلاحات کی جا رہی ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹس میں 34 فیصد اضافہ ہوا، آنےوالےوقت میں ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے گی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا ثمر آہستہ آہستہ سامنے آ رہا ہے، حکومتی نظام کو ای گورننس کے تحت لانا ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت اور صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے توانائی کی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سازگارماحول یقینی بنائیں گے۔