ٹیسٹ سیریز، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا
کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 615 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔
چوتھے روز فالو آن کا شکار قومی ٹیم نے دوسری اننگز کے دوران 6 وکٹوں کے نقصان پر 421 رنز بناکر پروٹیز کا سکور لیول کردیا تاہم 478 رنز بناکر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی اور میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 58 رنز کا ہدف دے دیا۔
جنوبی افریقہ نے 58 رنز کا ہدف 7.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرکے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی،ڈیوڈ بیڈنگھم 40 اور ایڈن مارکرم 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
چوتھا روز
چوتھے روز شان مسعود اور خرم شہزاد نے 213 رنز ایک وکٹ کے نقصان کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، 235 کے مجموعی اسکور پر خرم شہزاد 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کامران غلام 28 اور سعود شکیل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شان مسعود 145 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ محمد رضوان 41 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے، سلمان آغا 48، عامر جمال 34جبکہ میر حمزہ 16 رنز بناکر چلتے بنے۔
جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج اور کاگیسو رباڈا نے 3،3 مارکو جانسن نے 2 جبکہ کیوینا مپاخا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرا روز
تیسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔
421 رنز خسارے کے ساتھ پاکستان کی دوسری بیٹنگ شروع ہوئی، بابراعظم 81 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان نے تیسرے روز کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ شان مسعود 102 اور کرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
قبل ازیں پہلی اننگز میں کپتان محمد رضوان اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر 58 اور رضوان 46 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
سلمان آغا 19 ، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہ آسکے جبکہ محمد عباس صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 3، مپاکھا اور کیشو مہاراج نے 2، 2، ویان مولڈر، مارکو جینسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرا روز
جنوبی افریقا نے کھیل کے دوسرے دن کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تھا۔ ریان رکلٹن 259 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں کائل ویرین 100، مارکو جینس 62، کیشو مہاراج 40، ڈیوڈ بیڈنگھم 5 اور کیوینا مفاکا 0 کے اسکور پر پویلین لوٹے، کیگیسو رباڈا 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان آغا نے 3، 3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز مایوس کن رہا اور 20 کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شان مسعود 2، کامران غلام 12 اور سعود شکیل 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس وقت کریز پر بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور 551 رنز کا خسارہ پورا کرنا ابھی باقی تھے۔
پروٹیز کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 2 جبکہ مارکو جینسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دن کا کھیل مکمل ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سکور کر لیے۔
72 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جنوبی افریقی اوپنر رائن رکلٹن اور کپتان ٹیمبا بووما کے درمیان 235 رنز کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں کھڑا کر دیا۔
ریان رکلٹن 176 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ ڈیوڈ بیڈنگھم 4 رنز کے ساتھ ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ٹیمبا بووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم 17، ویان مولڈر 5 اور ٹرسٹن اسٹبس صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے دو جبکہ خرم شہزاد اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔