پاکستانی ہائی کمشنر فیصل رسول کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، سفارتی اسناد پیش کیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزسے ملاقات کی اور سفارتی اسناد پیش کیں۔

وزارت خارجہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز نے دونوں ممالک میں گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، جمہوریہ مالدیپ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی نے ایک تقریب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔

یہ تقریب مالدیپ کے ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں مالدیپ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے ڈرم اور ٹرمپیٹ بینڈ کے ساتھ روایتی انداز میں ایوان صدر لایا گیا۔

اسناد پیش کرنے کے بعد ہائی کمشنر نے جمہوریہ مالدیپ کے صدر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، پاکستانی ہائی کمشنر نے پرتپاک استقبال پر مالدیپ کے صدر کے ساتھ اظہار تشکر بھی کیا، ڈپٹی ہیڈ آف مشن ذوالقرنین احمد بھی ہائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔

مالدیپ کے صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران چیف آف سٹاف عبداللہ فیاض، صدر کے پرنسپل سیکرٹری برائے خارجہ تعلقات محمد نصیر اور مالدیپ کی سیکرٹری خارجہ فاطمہ عنایا بھی موجود تھیں، مالدیپ کے صدر نے فیصل رسول لودھی کو مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے عہدے پر تعیناتی کی مبارک باد دی۔

ہائی کمشنر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

مالدیپ کے صدر اور پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جو مذہبی وابستگی، مشترکہ ثقافت، باہمی دلچسپی اور گہرے باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

صدر ڈاکٹر محمد معیز اور ہائی کمشنر نے تجارت، صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں