عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنیکی آفر علی امین گنڈا پور لے کر آئے تھے: علیمہ خان کا دعویٰ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی آفر علی امین گنڈا پور لے کر آئے تھے۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو کرچکے ہوتے، مذاکرات کرنے والے سنجیدہ نہیں، مذاکراتی کمیٹی کو کیوں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا؟ مذاکراتی کمیٹی بانی سے ملے گی تو بات آگے بڑھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات سامنے رکھے ہیں کارکنوں کی رہائی اور 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کے نیچے بنائیں جو سب کو قابل قبول ہو۔
علیمہ خان نے کہا کہ رول آف لا اور جمہوریت کے اندر جوڈیشل کمیشن ہی بنتے ہیں۔