کرم فائرنگ واقعہ: کے پی حکومت کا ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے ڈی سی کُرم واقعہ کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ملوث ملزموں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بگن واقعے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں واقعے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی حکومت کے اجلاس میں کہا گیا کہ علاقے کے لوگ معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، اور فیصلہ کیا گیا کہ اس میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جائے، تمام ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کی جائےگی، کسی دہشت گرد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی اور نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔
خیال رہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن اوچت میں حکومتی قافلے پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت سات افراد زخمی ہوئے تھے، واقعہ کے بعد ضلع کُرم کے لیے امدادی سامان پر مشتمل قافلے کی روانگی روک دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔