سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کی راول ڈیم میں مچھلیاں مرنے پر پانی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے راول ڈیم میں مچھلیاں مرنے کے انکشاف پر پانی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانی میں آلودگی سے سی او ڈی کی مقدار زیادہ ہے جس سے چھوٹی مچھلیاں ہلاک ہوتی ہے۔
گزشتہ سال مچھلیوں کے مرنے کے واقعات کے متعلق ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے بتایا کہ مون سون میں تاخیر اور پانی آلودہ ہونے سے مچھلیوں کی ہلاکت ہوئی، اس کے علاوہ ارد گرد کے علاقوں سے آنے والے پانی سے ویسٹ ٹریٹمنٹ نہ ہونے سے راول ڈیم کا پانی آلودہ ہوتا ہے۔
رکن کمیٹی سینیٹر نسیمہ نے بتایا کہ آپ نے مچھلیوں کی ہلاکت کا بتا دیا ہے لیکن انسانوں کا نہیں بتایا، ہزاروں شہری گندے پانی سے پیدا ہونے والے امراض سے ہلاک ہو رہے ہیں۔
جواب میں ڈی جی نے بتایا گیا کہ راول ڈیم کے اطراف تجاوزات سے پانی آلودہ ہوتا ہے ، بنی گالہ، بری امام، مری میں آبادی 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور اس ایریا میں کوئی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگایا گیا، اس کے لیے ایک جامع پلان ہونا چاہیے۔
اجلاس کے آخر میں ذیلی کمیٹی نے راول ڈیم کے پانی ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کردی۔