تربت کے علاقے میں دھماکہ، 4افراد جاں بحق، 32زخمی
کوئٹہ:(دنیا نیوز)بلوچستان میں کراچی سے تربت جانے والی بس کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکا تربت کے نواحی علاقے نیو بہمن میں شاہ زئی ہوٹل قریب پیش آیا، زخمیوں کو تربت سول ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم ان میں سے 4 مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہونے والے زخمیوں میں سے 5 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ دھماکےکے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں،اطلاعات ہیں کہ آئی ای ڈی دھماکے کے بعد بس پر راکٹ بھی فائر کیے گئے ہیں جب کہ بس میں سکیورٹی اہلکار بھی سوار تھے۔
دھماکے سے ایس ایس پی سیریس کرائمز ونگ زوہیب محسن سمیت 5 پولیس اہلکار اور ایس ایس پی کے 4 بچے بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں، ایس ایس پی کی گاڑی قریب سے گزرنے والی گاڑی دھماکے کی زد میں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔