انجمن تاجران کی ٹیکسز کی شرح ، تعداد کم کرنے کی اپیل
لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر سمیت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات کا فریم ورک تیار کرائے جس کیلئے اسٹیک ہولڈرز سمیت مقامی اور غیر ملکی معاشی ماہرین کو ذمہ داری سونپی جائے ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کے اپنے نظام میں سقم موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ لاکھوں افراد جو ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوتے ۔ حکومت سے اپیل ہے کہ ٹیکسز کی شرح اور تعداد کم کی جائے جس سے حکومت کی توقعات سے زیادہ ٹیکس آمدن ہو گی ۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تو اس کے لئے ایڈ ہاک ازم کی بجائے طویل المدت پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی ۔ اصلاحات کا آغاز ایف بی آر سے ہونا چاہیے اور اس کی استعداد بھی بڑھائی جائے تاکہ ٹیکس لیکیج کو روکا جا سکے۔