اسٹاک ایکسچینج :سال نو پر انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کا آغاز شاندار انداز میں ہوا،سال 2025 کے پہلے ہی روز ریکارڈ تیری دیکھی گئی جس کے نتیجے میں 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پرجاپہنچا۔۔۔
جو اس سے قبل کبھی سال نو کے پہلے دن نہیں دیکھا گیا۔ 100انڈیکس 1881 پوائنٹس کے اضافے سے 117008پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا ،اس دوران سرمایہ کاروں کو 173ارب روپے کا منافع ہواجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 14669ارب روپے ہو گیا جبکہ 56فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز گرین زون میں ہوا۔سال 2024میں تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد سال 2025 کے پہلے کاروباری دن2200پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 1لاکھ 17 ہزار 300پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح پر جاپہنچا۔ایک موقع پر 100انڈیکس 407پوائنٹس کی مندی سے 1لاکھ 15ہزار کی سطح پر آگیا تھالیکن وزیراعظم کی جانب سے برآمدات بڑھانے کیلئے اڑان پاکستان پروگرام سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں کی ایکسپورٹس بڑھنے کی امید،کائبور ریٹ میں نمایاں کمی اور معاشی اصلاحات پر عملدرآمد سے کیپٹل مارکیٹ کا گراف دوبارہ ریکارڈ بلندی کی جانب گامزن ہوا ۔اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 682 پوائنٹس کے اضافے سے 36964 پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 856پوائنٹس کے اضافے سے 73026پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2733پوائنٹس کے اضافے سے 181369پوائنٹس پر بند ہوا۔ بدھ کو مارکیٹ میں 46ارب روپے مالیت کے 95کروڑ62لاکھ74ہزارحصص کے سودے ہوئے ۔ اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر احمد چنائے نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ریکارڈ تیزی حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ اسٹاک ایکسچینج کا پرائس ارننگ ریٹو ابھی بھی 6 فیصد پر ہے اسکو مزید آٹھ فیصد تک جانا ہے ، اسکے علاوہ اسٹاک ایکسچینج میں رواں سال نئی کمپنیوں کی لسٹنگ اور مستقبل میں شرح سود میں کمی کی توقعات سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور اسٹاک ایکسچینج کو تقویت فراہم کرے گی۔