بلوچستان کو نظر انداز کئے بغیر معاشی ترقی ناممکن،وفاقی چیمبر

بلوچستان کو نظر انداز کئے بغیر معاشی ترقی ناممکن،وفاقی چیمبر

کراچی(بزنس رپورٹر )وفاقی چیمبرکے مرکزی دفتر کراچی میں بلوچستان حکومت کے ماتحت بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نمائندگان اور صنعتکاروں نے بلوچستان کی اہمیت اور معیشت پر پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی چیمبرکے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا ہے کہ بلوچستان صوبے میں سیکیورٹی مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ، سرمایہ کاری کا تسلسل سکیورٹی مسائل کا خاتمہ کردے گا ۔ثاقب فیاض مگوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں چھپے خزانوں کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان اقتصادی ترقی تیزی سے آگے بڑھے ، بلوچستان کو نظر انداز کئے بغیر ملک میں معاشی ترقی ناممکن ہے ۔ ثاقب فیاض مگوںنے مزید کہا بلوچستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے دو روزہ بلوچستان بزنس سمٹ کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جارہا ہے ۔ سینئر نائب صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس ثاقب فیاض مگوں نے کسٹم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ کسٹم کا فیس لیس سسٹم کا قیام قابل تحسین ہے ۔بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نائب چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان بزنس سمٹ کانفرنس 27 اور 28 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی،کانفرنس کا مقصد بلوچستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ۔ بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ نے غیر ملکی مندوبین کو بھی دعوت نامے ارسال کردیے ہیں جن میں امریکا ، ایران ، خلیجی و یورپی ممالک شامل ہیں۔کانفرنس میں وزیر اعظم ، صدر ، آرمی چیف ، وزیر خزانہ سمیت صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ریکوڈک کے علاوہ چاغی میں موجود معدنی ذخائر میں چائنا ، کینیڈا اور یو اے ای کی سرمایہ کاری کیلئے حکومت اور ایس آئی ایف سی کاان ممالک سے مشاورت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،اسکے علاوہ زرعی شعبے میں زیتون کی کاشت کیلئے اسپین سے مثبت مذاکرات کا عمل جاری ہے ۔ نائب صدر فیڈریشن اور بلوچستان کے معروف بزنس مین ناصر خان نے کہا کہ حکومت نے بینک آف بلوچستان کی درخواست اسٹیٹ بینک میں جمع کرادی ہے ۔عنقریب بلوچستان صوبے میں بینک آف بلوچستان کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں