دسمبر2024:تجارتی خسارے میں خطرناک حد تک اضافہ
کراچی(بزنس رپورٹر ) سمبر 2024 میں تجارتی خسارے میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ۔دسمبر میں تجارتی خسارہ 2ارب 40 کروڑ ڈالر سے زائد ہو گیا اور یہ اپریل کے بعد ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ خسارہ ہے۔۔۔
دسمبرمیں برآمدات کا حجم 2 ارب 80 کروڑ ڈالر رہا جو دسمبر2023 کے مقابلے میں صرف 0.7 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔دوسری جانب دسمبر میں درآمدات 5 ارب 28 کروڑ امریکی ڈالر تک جا پہنچیں جوستمبر 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہیں ،یہ اعداد و شمار سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔درآمدات میں اس اضافے نے تجارتی خسارے کو مزید بڑھا دیا ۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ 11 ارب 17 کروڑ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ تجارتی توازن کے اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ معیشت درآمدات پر زیادہ انحصار کر رہی ہے ۔ ماہرین کے مطابق، درآمدات میں بے قابو اضافے کو روکنے اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کیلئے فوری اور مؤثر پالیسی سازی کی ضرورت ہے ۔