بزنس فورم کا وزیراعظم سے فنانس بل کی 4شقوں پر نظرثانی کا مطالبہ

کراچی (بزنس رپورٹر)پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں شامل کاروباری افراد کی گرفتاری سمیت فنانس بل کی چار متنازع شقوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔
پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الٰہی کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم خود بزنس کمیونٹی کے نمائندے رہے ہیں، ایسے سخت اقدامات تاجروں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ فنانس بل کی دفعہ 37AA نے کاروباری برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے ۔خط کے متن کے مطابق گرفتاری سے متعلق شق کو فوری واپس لیا جائے کیونکہ ایسے اقدامات سے بزنس کمیونٹی کا حکومت پر اعتماد مجروح ہوگا۔ خط میں سوال اٹھایا گیا کہ آخر کس کے کہنے پر تاجروں کی گرفتاری جیسے احکامات شامل کیے گئے ؟ "کاروباری طبقہ ہر قسم کا ٹیکس دینے کو تیار ہے لیکن اپنی تضحیک قبول نہیں کرے گا، صدر بزنس فورم نے واضح کیا۔مقامی کپاس پر جی ایس ٹی کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ فنانس بل میں درآمدی کاٹن یارن پر جی ایس ٹی لگانے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے ۔ وزیراعظم کپاس کی مقامی پیداوار بڑھانے کے حامی رہے ہیں لیکن بجٹ میں اس کے برعکس اقدامات نظر آ رہے ہیں۔