چینی وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ، کاروباری ماحول کی تعریف

چینی وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ، کاروباری ماحول کی تعریف

اسلام آباد(اے پی پی)چینی تجارتی وفد نے پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کیلئے اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا۔

دورکنی وفد شی شائن یونیورسل مائننگ اینڈ ایس ایم ای (پرائیویٹ) کمپنی کے نمائندوں شی جی اور فانگ یانگ پر مشتمل تھا۔ آئی سی سی آئی کے رکن محمد یاسر بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔مثبت کاروباری ماحول کی تعریف کرتے ہوئے چینی مندوبین نے معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے نہ صرف کاروباری مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور پاکستان میں ہنر مند انسانی وسائل کی ترقی میں مدد ملے گی۔قبل ازیں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور خطے میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پر تفصیل سے روشنی ڈالی ،بالخصوص فارماسیوٹیکل، ماربل اورا سٹیل جیسی صنعتوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر انفرااسٹرکچر اور علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب کان کنی کے شعبے کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خاص طور پر پرکشش بنا سکتی ہے۔ انہوں نے چینی تاجروں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اس طرح کے تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ون ون کی صورتحال میسر آئے گی ۔آئی سی سی آئی کے صدر نے مہمانوں کو کاروبار نواز پالیسیوں کی وکالت کرنے اور حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے میں چیمبر کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو باہمی فائدہ مند تعاون کیلئے ریگولیٹری اور تجارتی مواقع کو نیویگیٹ کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں