اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،143ارب منافع
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا۔کے ایس ای 100انڈیکس 1262پوائنٹس کے اضافے سے 1لاکھ31ہزار949پوائنٹس کی اپنی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔۔
،اس دوران سرمایہ کاروں کو 143ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 15 ہزار 910 ارب روپے ہوگیا۔ بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں یہ مثبت رجحان دراصل ایکویٹی فنڈز میں نئی سرمایہ کاری کے تحت ادارہ جاتی خریداری کا نتیجہ ہے ۔انڈیکس میں سب سے زیادہ مثبت حصہ ڈالنے والے شیئرز میں یو بی ایل، ایچ بی ایل، سسٹمز لمیٹڈ (ایس وائے ایس)، بی اے ایچ ایل، ایم سی بی، این بی پی اور میزان بینک شامل تھے جنہوں نے مجموعی طور پر 1,289 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ انڈیکس 6 دن میں مجموعی طور پر 9 ہزار 902 پوائنٹس بڑھا ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30انڈیکس 442پوائنٹس کے اضافے سے 40387پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 764پوائنٹس کے اضافے سے 82069پوائنٹس پر بند ہوا۔حصص بازار میں 73 کروڑ شیئرز کے سودے 34 ارب روپے میں طے ہوئے ۔مجموعی طور پر 473 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے 255 کمپنیوں کے ک شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 177 میں کمی اور 41 میں استحکام رہا۔