وفاقی چیمبر کا انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس پر تحفظات کا اظہار
کراچی(آئی این پی)وفاقی چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ نے سندھ میں درآمدات پر انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس میں اضافے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جو اب 1.25 فیصد سے بڑھا کر 1.80 تا 1.85 فیصد کر دیا گیا ہے اورحکومت سندھ سے اس معاملے پر نظر ثانی کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔
صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس، مکیش کمار چاولہ نے بدھ کوفیڈریشن ہاؤس کا دورہ کیا جہاں اس دیرینہ مسئلے پر تفصیلی، مشاورتی اور انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا۔عاطف اکرامنے وضاحت کی کہ بزنس کمیونٹی کی اس معاملے میں بڑی تشویش مالی دباؤ،سیس کی قانونی حیثیت اور بھاری ریونیو کے باوجود سندھ میں انفرااسٹرکچر کی حالت میں کوئی نمایاں بہتری نہ ہونا ہے ۔ دوسری جانب حکومت اس سیس کو انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے ناگزیر قرار دیتی ہے مگر عدالتوں میں جاری قانونی جنگوں اور فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے تنازع کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔