بزنس فورم کا وزیراعظم کو خط، زرعی ایمرجنسی نافذ کرنیکا مطالبہ
اسلام آباد (آن لائن)پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خط لکھ کر حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال پر قومی سطح پر زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فورم نے موجودہ بحران کو صرف عارضی مسئلہ قرار دینے کے بجائے اسے زراعت کے فرسودہ نظام اور ناکام منصوبہ بندی کے خلاف انتباہ قرار دیا ہے ۔خط میں فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمن نے تجویز دی ہے کہ پندرہ ایکڑ تک کے کسانوں کو روزگار کی بحالی کے لیے بینکوں سے دو ملین روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں تاکہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کر سکیں۔پاکستان بزنس فورم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے تاکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام کی جا سکے ۔ ای سی سی کو چاہیے کہ گندم اور چاول کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے درآمدات کی اجازت دے ۔وزارتِ تجارت فوری طور پر افغانستان سے سبزیوں کی درآمد پر صفر فیصد کا ایس آر او جاری کرے تاکہ بازار میں قلت اور مہنگائی نہ پیدا ہو۔