ایس ای سی پی:لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس متعارف کر ادی

ایس ای سی پی:لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس متعارف کر ادی

شہری اپنے مرحوم عزیزوں کی لائف انشورنس پالیسی کی معلومات لے سکیں گے اپنے مرحوم شخص کا شناختی کارڈ نمبر بذریعہ ایس ایم ایس 99833پر بھیجنا ہوگا

کراچی(کامرس رپورٹر)ایس ای سی پی نے سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ اور انشورنس ایسوسی ایشن کے تعاون سے لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس متعارف کرا دی ہے ، اس اقدام کا مقصد عوام کو اپنے مرحوم عزیزوں کی لائف انشورنس پالیسیوں کا معلوم کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے ، یہ سروس ایک دیرینہ مسئلے کو حل کرتی ہے ، جس کا سامنا اکثر خاندانوں کو ہوتا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حقوق کے تحفظ کو مضبوط کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور حقیقی ورثاء اور مستحقین کو انشورنس فوائد تک منظم اور محفوظ رسائی فراہم کرنا ہے ، ایس ای سی پی نے لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس کے مؤثر اور یکساں نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایک سرکلر جاری کر دیا۔

جس کے تحت تمام لائف انشورنس کمپنیاں اور فیملی تکافل آپریٹرز کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے ، سرکلر کے مطابق تمام انشورنس کمپنیاں اس بات کی پابند ہونگی کہ وہ سسٹم کے ذریعے موصول عوامی درخواستوں کا مقررہ وقت میں جواب دیں۔ یہ سروس 15 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے ، شہریوں کو مرحوم شخص کا شناختی کارڈ نمبر بذریعہ ایس ایم ایس 99833 پر بھیجنا ہوگا، اگر فراہم کردہ شناختی کارڈ نمبر کے تحت کوئی لائف انشورنس پالیسی موجود ہوئی، تو متعلقہ انشورنس کمپنی یا فیملی تکافل آپریٹر خود رابطہ کر کے ورثاء کو تصدیقی عمل اور کلیم کے مراحل کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں