بی ایم پی اور یوبی جی کی قیادت ایک پلیٹ فارم پر یکجا

بی ایم پی اور یوبی جی کی قیادت ایک پلیٹ فارم پر یکجا

تاجروصنعتکاروں کی بشیر جان محمد کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس میں شرکت دونوں گروپس کے اختلافات سے کمیونٹی کو بڑا نقصان پہنچا ، گوہر اعجاز

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کی بزنس کمیونٹی میں کئی برسوں سے جاری اختلافات بالآخر ختم ہوگئے اور بزنس مین پینل اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کی قیادت ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوگئی ۔ صنعتکاروں، تاجروں اور معاشی رہنماؤں نے سینئر بزنس لیڈر بشیر جان محمد کی رہائش گاہ پر منعقدہ اہم اجلاس میں شرکت کی جسے بزنس کمیونٹی کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز، معروف صنعتکار عارف حبیب، محمد علی ٹبہ، ایس ایم تنویر، غلام احمد بلور، انجم نثار، وفاقی چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ، سابق سینیٹر عبدالحسیب خان، سلطان چاؤلہ اور زبیر طفیل سمیت ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری برادری کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔

بشیر جان محمد نے کہا کہ اعلیٰ حکومتی شخصیات اور طاقتور ادارے بزنس کمیونٹی کی بات تو سنتے ہیں مگرعملی نتائج نہ ہونے کے باعث صنعتوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔صدر فیڈریشن عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ تقسیم نہیں بلکہ اتحاد ہی معاشی استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے ۔ صدر بزنس مین پینل انجم نثار نے کہا کہ حکومت ماضی کی سیاسی روش ترک کرے اور سرمایہ کارانہ ماحول بحال کرے ، ورنہ صنعتی بنیاد مزید کمزور ہوگی۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ایک سال کی کوششوں کے بعد دونوں گروپس کا اتحاد ممکن ہوا ہے جو مرحوم ایس ایم منیر کا خواب تھا۔ سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ دونوں گروپس کے اختلافات کے باعث کاروباری برادری کو بڑا نقصان پہنچا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں