پاک قطر فیملی تکافل کا آئی پی او،676ملین روپے جمع
فی حصص کی مقررہ قیمت14روپے سے بڑھ کر18.02 تک پہنچ گئی
کراچی(بزنس ڈیسک)پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کے آئی پی او کی بک بلڈنگ 3.2گنا اوورسبسکرائب کے ساتھ اختتام پذیرہوگئی۔آئی پی او کو ادارہ جاتی اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی جس سے فی حصص کی مقررہ قیمت14روپے سے بڑھ کر18.02روپے فی حصص تک پہنچ گئی اوربک بلڈنگ 525ملین روپے کے ایشو سائز کے مقابلے میں سرمایہ کاروں کی ڈیمانڈ1.67ارب روپے تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں کمپنی مجموعی طورپر 676ملین روپے جمع کرنے میں کامیاب ہوئی۔واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کسی بھی فیملی تکافل کمپنی کا پہلا آئی پی او ہے ۔ آئی پی او کی لیڈ منیجر عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہاکہ پاک قطر فیملی تکافل کا آئی پی او پاکستان میں اسلامک انشورنس (تکافل) سیکٹرکا پہلا آئی پی او ہے جو کمپنی کی مضبوط کارکردگی اور مارکیٹ کے اعتماد کو ظاہر کرتاہے ۔ آئی پی او سے حاصل ہونے والی آمدنی سے پاک قطر فیملی تکافل کو کم سے کم کیپٹل ضروریات پوری کرنے ، اپنے ڈیجیٹل چینلز کو توسیع دینے اور مزیدصارف مرکوز پراڈکٹس متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ پاکستان کی پہلی اور سب سے بڑی فیملی تکافل کمپنی ہے ۔ اس وقت کمپنی کے پاس مجموعی فیملی تکافل سیکٹر کا 44فیصد اور فیملی تکافل سیگمنٹ کا 90.47فیصد مارکیٹ شیئرہے جبکہ ملک کے مجموعی لائف انشورنس بزنس میں کمپنی کا شیئر 6.6فیصد ہے ۔ملک بھر میں سیلز نیٹ ورک پر مشتمل 73برانچز اور 1971فیلڈ نمائندوں کے ساتھ پاک قطر فیملی تکافل ذاتی سرمایہ کاری اور تکافل سلوشنزپیش کرتی ہے ۔ پاک قطر فیملی تکافل نے بینک برانچز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے تحفظ سلوشنز فراہم کرنے کیلئے 14کلیدی بینکوں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری بھی کی ہے ۔