صنعتکاروں کا انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے تاریخی پیکیج کا خیر مقدم
فنڈز کی منصفانہ تقسیم خوش آئند ، پیداواری لاگت میں کمی آئے گی ،احمد عظیم علوی
کراچی (بزنس ڈیسک)صنعتکار برادری نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے اربوں روپے کے تاریخی پیکیج کی منظوری پر خیرمقدم کیا ہے ۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ اور صدر احمد عظیم علوی نے اس اقدام کو بروقت اور صنعت دوست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی فراہمی سے نہ صرف پیداواری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے ۔ اس سے بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوگا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ سلیم پاریکھ نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے 9.28 ارب روپے کا پیکیج ایک تاریخی فیصلہ ہے ۔ احمد عظیم علوی نے کہا کہ سائٹ ایریا کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری صنعتکاروں کے لیے حقیقی ریلیف ہے ۔ بنیادی انفرااسٹرکچر کی بحالی سے پیداواری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے میئر اور کمشنر کراچی کی مشاورت سے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو خوش آئند قرار دیا۔