سپر نیٹ کی ری برانڈنگ: سپر نیٹ گلوبل کے تحت عالمی منڈیوں میں توسیع
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کی ممتاز آئی ٹی کمپنی سپر نیٹ نے اپنے نئے برانڈ سپر نیٹ گلوبل کے تحت بین الاقوامی سطح پر توسیع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اس حکمتِ عملی کے تحت کمپنی مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور وسطی ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل مارکیٹس میں اپنے آپریشنز کو توسیع دے گی جس کا مقصد عالمی طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں تیارکردہ ڈیجیٹل اور آئی سی ٹی خدمات کی برآمدات کو بڑھاناہے ۔ سپر نیٹ گلوبل دبئی میں پہلے ریجنل مرکز کے طورپر کام کرے گی۔ کمپنی کی ذیلی کمپنی فیونکس گلوبل ایف زیڈ ای متحدہ عرب امارات میں 2018سے آپریشنل ہے اور سپرنیٹ گلوبل اس کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف خطوں میں ادارہ جاتی، کیئریر اور انٹرپرائز کلائنٹس کو خدمات فراہم کرے گی جبکہ کمپنی تکنیکی ڈلیوری، انجینئرنگ اورمینجڈ سروسزبدستور پاکستان میں رہیں گی جس سے پاکستان کوڈیجیٹل سروسز کے ایک مضبوط برآمدی مرکزکے طورپر مزید تقویت ملے گی۔
اس وقت مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے ممالک میں بڑے پیمانے پر سرکاری ڈیجیٹلائزیشن، سائبر سیکیوریٹی سرمایہ کاری، کلاؤڈ اپنانے اور انٹرپرائز ماڈرنائزیشن کیلئے بھر پور سرمایہ کاری ہورہی ہے اور ان ممالک میں آئی سی ٹی اخراجات سالانہ 230سے 250بلین ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔اس پورے خطے میں صرف سائبر سیکیوریٹی کے اخراجات آئندہ دہائی میں دسیوں ارب ڈالرز تک پہنچے کا امکان ہے ۔ سیٹلائیٹ کمیونیکیشنز مارکیٹ سپر نیٹ کی بنیادی مہارت ہے اور سائبر سیکیوریٹی کے متوازی طورپر 2024-25میں 90سے 108ارب ڈالرکی مالیت رکھتی ہے اور 2030تک اس میں نمایاں اضافے کی توقع ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں سیٹلائیٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی اس دہائی کے اختتام تک 5ارب ڈالر سے تجاوز ہونے کا امکان ہے ۔کمپنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کہ سپرنیٹ گلوبل پاکستانی اسکل،ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی کو برآمد کرتے ہوئے عالمی ڈیجیٹل مارکیٹس میں بامعنی شرکت کرنے کے ہمارے عزم کی نمائندگی ہے۔