پریذیڈنٹ ٹرافی،پی ٹی وی نے سٹیٹ بینک کو ہرادیا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے چوتھے دن دفاعی چیمپئن پی ٹی وی نے سٹیٹ بینک کو 78 رنز سے ہرادیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز واپڈا نے کے آر ایل کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔غنی گلاس نے اوجی ڈی سی ایل کو 7 وکٹوں سے ہرایا اور ایس این جی پی ایل نے ساحر ایسوسی ایٹس کو اننگز اور151 رنز سے شکست دی تھی۔ سٹیٹ بینک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ بینک کو دفاعی چیمپئن پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 148 رنز بنائے تھے اور اس کی 8 وکٹیں گرچکی تھیں اور اسے جیت کے لیے 92 رنز درکار تھے ۔ سٹیٹ بینک کی ٹیم سکور میں صرف 13رنز کا اضافہ کرکے 161 رنز پر آؤٹ ہوگئی محمد موسیٰ نے 51 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔عماد بٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاتح ٹیم کے محمد سلیمان پلیئر آف دی میچ رہے ۔پریذیڈنٹ ٹرافی کا دوسرا راؤنڈ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔