اسٹاک مارکیٹ:نئی تاریخ رقم،1لاکھ76ہزارکی حد عبور

اسٹاک مارکیٹ:نئی تاریخ رقم،1لاکھ76ہزارکی حد عبور

2301پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس پہلی بار 1لاکھ 76ہزار 355پر بند 565 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ،337میں اضافہ ، 116 کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)اسٹاک مارکیٹ میں سال 2026کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ پہلے ہی روز 100 انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کردی۔100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز 383 پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 74ہزار 437 کی نفسیاتی حد سے ہوا ،اسکے بعد100انڈیکس نے پیچھے مڑکر نہ دیکھا اور اپنے ہی سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ۔ دوران ٹریڈنگ100 انڈیکس برق رفتاری سے 1لاکھ 75 ہزار اور 1 لاکھ 76 ہزار پوائنٹس کی دو نفسیاتی حدوں کوپار کرگیا۔100 انڈیکس 2605 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 76 ہزار 658 پوائنٹس کی ریکارڈ حد تک ٹریڈ ہوا۔

انڈیکس کی ریکارڈ تیزی کی بنیادی وجوہات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی ، ریکوڈک منصوبے میں عالمی سرمایہ کاری ، پاکستان میں خلیجی سرمایہ کاروں کا متحرک ہونا ، زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل بہتری ، امن و امان کی بہتر صورتحال اورمثبت معاشی اعدادوشمار اسٹاک سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط سے مضبوط تر کرگئے۔

مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 19 ہزار 968 ارب روپے ہوگئی یعنی اسٹاک سرمایہ کاروں نے ایک ہی روز میں 279ارب روپے کمالئے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2301 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 76 ہزار 355 پوائنٹس کی ریکارڈ حد پر بند ہوا۔مجموعی طور پر 565 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 337 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 116 میں کمی اور 112 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں