اسٹاک ایکسچینج، کاروباری ہفتے کے دوران تاریخی تیزی، نیا ریکارڈ قائم

اسٹاک ایکسچینج، کاروباری ہفتے کے دوران تاریخی تیزی، نیا ریکارڈ قائم

انڈیکس میں ہفتے بھر کے دوران مجموعی طور پر 6ہزار 634پوائنٹس کا نمایاں اضافہ تیزی کا رجحان پورے ہفتے غالب رہا ، بلند ترین سطح 179,467پوائنٹس ریکارڈ

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ غیر معمولی تیزی اور تاریخی ریکارڈز کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس ہفتے بھر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 634 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ریکارڈ 179,034 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پورے ہفتے غالب رہا، رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 179,467 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 173,200 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ، کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 5 ارب 18 کروڑ شیئرز کے سودے طے پائے ، جن کی مجموعی مالیت 244 ارب روپے رہی، جو سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور مارکیٹ میں لیکویڈیٹی کی مضبوط صورتحال کو ظاہر کرتی ہے ۔ دوسری جانب مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے لحاظ سے بھی اسٹاک ایکسچینج نے نمایاں پیشرفت کی، جہاں مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 747ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، یہ بڑھ کر 20 ہزار 212 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا، مختلف شعبہ جات کے اسٹاکس میں نمایاں سرگرمی دیکھی گئی، جن میں فرٹیلائزر، سیمنٹ، بینکنگ اور آٹو موبائل سیکٹرز سرفہرست رہے ، تاہم مارکیٹ کی مجموعی تیزی میں سب سے نمایاں کردار آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے شیئرز کا رہا، جنہوں نے ریکارڈ پرفارمنس دکھائی، اور انڈیکس کو مضبوط سہارا دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں