ایران : مہنگائی کیخلاف مظاہرے 40 شہروں تک پھیل گئے

ایران : مہنگائی کیخلاف مظاہرے 40 شہروں تک پھیل گئے

ایران کا عوام کو معاشی دباؤ سے نکالنے کیلئے ماہانہ مالی امداد دینے کا اعلان نیتن یاہو کااحتجاجی مظاہروں کے دوران ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار

تہران،تل ابیب (اے ایف پی)ایران میں مہنگائی کے خلاف تہران سے شروع ہونے والے مظاہرے 40 شہروں تک پھیل گئے ۔ ایک ہفتے سے جاری احتجاج میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں ،جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ احتجاجی لہر کے دوران شہریوں کو انٹرنیٹ کی رسائی میں شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے ۔ایرانی حکومت نے ایک ہفتے سے جاری احتجاج کے بعد عوام کو معاشی دباؤ سے نکالنے کے لیے ماہانہ مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق ہر شہری کو چار ماہ تک 10لاکھ تومان ماہانہ بطور کریڈٹ فراہم کیا جائے گا، جو مخصوص اشیا کی خریداری کے لیے استعمال ہو سکے گا۔ ایران میں مہنگائی کی شرح 52 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے احتجاجی مظاہروں کے دوران ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ہفتہ وار کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ ہم ایرانی عوام کی جدوجہد آزادی، خودمختاری اور انصاف کیلئے ان کی خواہشات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بہت ممکن ہے کہ ہم اس وقت ایک ایسے لمحے میں موجود ہوں جب ایرانی عوام اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں