ٹریفک وارڈنز پر نظر رکھنے کیلئے باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ

 ٹریفک وارڈنز پر نظر رکھنے کیلئے باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ

ہر چالان کے ساتھ ویڈیو شہادت لازمی ہوگی:ڈی آئی جی ٹریفک ابتدائی طور پر 3 ہزار باڈی کیمروں کی خریداری کر لی گئی:وقاص نذیر

لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک وارڈنز کے روئیے کی مانیٹرنگ اور چالان کے نظام کو ویڈیو شواہد سے مشروط کرنے کیلئے 8 ہزار جدید باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ ہر چالان کے ساتھ ویڈیو شہادت لازمی ہوگی، جس کیلئے وارڈنز کو باڈی کیمرے فراہم کئے جائیں گے ، ان جدید کیمروں میں نائٹ ویژن اور آواز ریکارڈ کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی ۔ ان کیمروں کے ذریعے نہ صرف چالان کی ویڈیو بنائی جائے گی بلکہ وارڈنز اور شہریوں کے روئیے کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہرچالان پر متعلقہ شہری کے موبائل نمبر پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ویڈیو بھیجی جائے گی، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، تمام باڈی کیمرے ضلعی کنٹرول رومز اور سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے ۔ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 3 ہزار باڈی کیمروں کی خریداری  مکمل کر لی گئی ، باقی ماندہ کی خریداری رواں مالی سال میں کر لی جائے گی۔ اقدام سے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور عوامی اعتماد میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں