برآمد کنندگان کوٹیکس ری فنڈ کےحوالے سے کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمد کنندگان کوٹیکس ری فنڈ کےحوالے سے کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات کے فروغ پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری ترجیح ہے، برآمد کنندگان کوٹیکس ری فنڈ کےحوالے سے کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چاول کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ایکسپورٹرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ادارہ جاتی اصلاحات پر کام مزید تیز کیا جائے۔

اجلاس میں شہبازشریف کو برآمدات میں اضافے کے حوالے حکومتی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی اور جولائی تا دسمبر 2025 کے تجارتی اعداد و شمار پیش کئے گئے۔

اجلاس کو ہائی ویلیو سیکٹر جیسا کہ انجینئرنگ، ادویات میڈیکل ڈیوائسز اور پراسیسڈ فوڈ کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے آگاہ کیا، حکام نے بتایا ملکی برآمدات کو گلوبل ویلیو چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے حوالے سے ملک میں پورٹس اور لاجسٹکس کے نظام کو بہتری لائی جا رہی ہے، چاول کی برآمدات کیلئے کئی ممالک سے  معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک محمد جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں