لاہور ، ٹریفک حادثات ،راہگیر سمیت 3 افراد جاں بحق
کار سے تصادم ، موٹرسائیکل سوار ،مینار پاکستان کے قریب بس تلے آکر راہگیر چل بسا نصیر آباد میں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارفلائی اوور سے نیچے جا گرا،ڈرائیور فرار
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران نامعلوم راہگیر سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ،پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں ۔ ایدھی ترجمان کے مطابق مسلم ٹا ؤن کے علاقہ کریم بلاک کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 44 سالہ عمران ولد اسحاق موقع پر ہی دم توڑ گیا، متوفی ساندہ کا رہائشی تھا۔علاوہ ازیں لاری اڈا کے علاقہ میں مینار پاکستان گیٹ نمبر ایک کے قریب تیز رفتار بس نے نامعلوم راہگیر کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔ادھر نصیر آباد کے علاقے میں تیز رفتار کار فلائی اوور پر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 50سالہ شخص فلائی اوور سے نیچے گر کر جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈرائیور کار سمیت فرار ہو گیا ،متوفی شخص کی شناخت نہ ہو سکی ۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے تینوں لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغا ز کر دیا۔