انڈونیشین پام آئل نیٹ ورکنگ ریسیپشن میں تاجر رہنما شریک
پاک انڈونیشیا دوطرفہ معاشی تعاون مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں تقریب شان سہگل کی وزیر تجارت سے ملاقات، تاجروں، صنعتکاروں کے مسائل بتائے
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر شان سہگل نے انڈونیشین ایمبسی کی جانب سے منعقد ہونے والی انڈونیشین پام آئل نیٹ ورکنگ ریسیپشن میں شرکت کی۔ اس اعلی سطحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت جام کمال خان، انڈونیشیا کی نائب وزیر تجارت دیاہ رورو اِستی وِدیا پتری،انڈونیشیا کے سفیر، سفارتی نمائندگان اور پاکستان و انڈونیشیا کے ممتاز صنعتی و تجارتی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر نائب صدر حیدرآباد چیمبر شان سہگل نے وفاقی وزیر جام کمال خان سے تفصیلی ملاقات کی اور حیدرآباد کی تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش سنگین مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص صنعتوں کو درپیش بجلی و گیس کی قلت، توانائی کی بلند لاگت، ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، فنانسنگ تک محدود رسائی، انفرا اسٹرکچر کی کمزوری اور چھوٹی صنعتوں کے لیے پالیسی سپورٹ کی کمی جیسے معاملات کی نشاندہی کی۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے مسائل کو غور سے سنا، ان پر سنجیدہ دلچسپی ظاہر کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے حیدرآباد چیمبر کے وفد کو کراچی مدعو کیا تاکہ تفصیلی بریفنگ کے ذریعے ان مسائل پر جامع اور پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔