نئے کرنسی نوٹ چھپائی کیلئے سکیورٹی پرنٹنگ کی تکنیکی تیاری مکمل

نئے کرنسی نوٹ چھپائی کیلئے سکیورٹی پرنٹنگ کی تکنیکی تیاری مکمل

کراچی(رپورٹ:محمدحمزہ گیلانی)نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کیلئے سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے تکنیکی تیاری مکمل کرلی، تاہم حتمی ڈیزائن کی منظوری نہ ملنے پراس عمل کاباقاعدہ آغاز ممکن نہیں ہوسکا۔

 اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کو حکومت کی منظوری کا انتظار ہے ، سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جدیدسکیورٹی فیچرز سے آراستہ نئی کرنسی کی چھپائی کے لیے مشینری اوردیگر وسائل پہلے ہی دستیاب ہیں، سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں میں جدید سکیورٹی خصوصیات شامل کی جائیں گی تاکہ جعلسازی اور نقلی نوٹوں کے امکانات کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اسٹیٹ بینک کی جانب سے حتمی ڈیزائن موصول ہوگا، کرنسی کی چھپائی کا عمل شروع کردیا جائے گا، جس میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا، سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامرشمس نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی کے حوالے سے ابتدائی سطح پرمشاورت اور تبادلۂ خیال ہوچکا، انکے مطابق اس بات پر بھی غور کیاجارہا ہے کہ نئی کرنسی کے ڈیزائن مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں یاایک ساتھ تمام مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے جائیں، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے پہلے ہی نئی کرنسیوں کے مجوزہ ڈیزائن شارٹ لسٹ کرکے حکومت کو ارسال کر دیے تھے جبکہ نئے ڈیزائن والے نوٹوں کی چھپائی کا باضابطہ آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا۔ معاشی ماہرین کے مطابق نئے نوٹوں میں جدید سکیورٹی فیچرز کی شمولیت مالیاتی نظام پر اعتماد کو بڑھائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں