پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 2025پوائنٹس کی کمی
کراچی (کامرس رپورٹر)امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی میں اضافہ، تقریباً 118 ارب روپے کی بھاری لیورج ادائیگیاں،
ٹیکسٹائل صنعتوں کی گرتی کارکردگی کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو مندی میں مبتلا کرکے تنزلی کی جانب لے گئی، دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 84ہزار اور 1لاکھ 83ہزار پوائنٹس کی یکے بعد دیگرے دو حدیں گرگئیں، مندی کے سبب 59.04فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں، جبکہ سرمایہ کاروں کو منافع کی مد میں مزید 1کھرب 68ارب 49کروڑ 32لاکھ 94ہزار 956 روپے نقصان ہوا ۔ عالمی تناؤ کے سبب بینکنگ، آئل اینڈ گیس سیمنٹ فرٹیلائزر سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ سے کاروبار کے بیشتر دورانئے مندی میں رہے جس سے ایک موقع پر 2106پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 2025.52 پوائنٹس کی کمی سے 182384.14پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30انڈیکس 692.05پوائنٹس کی کمی سے 55901.83 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 882.95 پوائنٹس کی کمی سے 109499.63 پوائنٹس اورکے ایم آئی 30انڈیکس 3785.05 پوائنٹس کی کمی سے 255443.37 پوائنٹس پر بند ہواکاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 2.41فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 1ارب 05کروڑ 87لاکھ 95ہزار 708 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 481 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 161 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ 284 کمپنیوں کے حصص کے دام میں کمی اور 36 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔