پورٹ قاسم:کلائمیٹ ریزیلینٹ انڈسٹریل کمپلیکس میں تبدیلی کا اعلان

پورٹ قاسم:کلائمیٹ ریزیلینٹ انڈسٹریل کمپلیکس میں تبدیلی کا اعلان

کراچی (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت پورٹ قاسم اتھارٹی میں اہم اجلاس ہوا،

جس میں پورٹ قاسم کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے کلائمیٹ ریزیلینٹ انڈسٹریل کمپلیکس میں تبدیل کرنے کے طویل المدتی منصوبے کا اعلان کیا گیا، اجلاس میں بندرگاہ کی مجموعی ترقی، صنعتی توسیع اور لاجسٹک صلاحیت میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ حکومت کا ہدف پورٹ قاسم کو ایک عالمی معیار کا صنعتی اور لاجسٹک مرکز بنانا ہے جو نہ صرف ملکی تجارت بلکہ علاقائی اوربین الاقوامی سپلائی چین میں بھی کلیدی کردار ادا کرے ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم مستقبل میں پاکستان کی قومی معیشت کا ایک مضبوط گیٹ وے ثابت ہوگاجہاں صنعت، تجارت اور لاجسٹکس ایک مربوط نظام کے تحت فروغ پائیں گے جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پورٹ قاسم کا مجوزہ ترقیاتی منصوبہ 14 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے ،

جسے مربوط منصوبہ بندی کے تحت تین مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے انکے مطابق مشرقی زون کو ہیوی انڈسٹری اور برآمدی یونٹس کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے شمال مغربی زون میں ویلیو ایڈڈ انڈسٹری، پورٹ سروسز اورلاجسٹک سہولیات کے فروغ کا منصوبہ ہے ، جبکہ جنوبی مغربی زون میں خصوصی صنعتی اور کمرشل سرگرمیوں کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں جنید انوار چوہدری نے بندرگاہی انفراسٹرکچر کی جدید کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روڈ اور ریل کنیکٹیوٹی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کومزید سہولت فراہم کی جاسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں