آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند سطح پر ،26فیصداضافہ
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی) آئی ٹی برآمدات دسمبر میں تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر2025کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 43کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو اب تک کی بلند ترین ماہانہ سطح ہے ۔ نومبر 2025 میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 34 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا تھاجس کے مقابلے میں صرف ایک ماہ کے دوران 27 فیصد نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ آئی ٹی سروسز، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، فری لانسنگ اور ٹیکنالوجی سے وابستہ دیگر خدمات کی عالمی طلب میں بہتری کا نتیجہ ہے ۔ رواں مالی سال کے ابتدائی6ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 2 ارب 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔سابق چیئرمین پاشازوہیب خان نے بتایا کہ آئی ٹی سیکٹر کو پالیسی تسلسل، ٹیکس سہولتوں اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی مزیدبہتری فراہم کی جائے تو ٹیکنالوجی برآمدات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔