اسٹاک ایکسچینج : 1 لاکھ 88 ہزار کی سطح عبور، 110 ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج : 1 لاکھ 88 ہزار کی سطح عبور، 110 ارب منافع

860پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 88ہزار 621پر بند لیورج ادائیگیاں انڈیکس کی رفتار کو سست روی میں مبتلا کرسکتیں،جبران سرفراز

کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)اسٹاک ایکسچینج نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کردی ۔ 100 انڈیکس نے پہلی بار دوران ٹریڈنگ تاریخ کی بلند سطح پر ٹریڈ ہونے کا پہلا ریکارڈ اور تاریخ کی بلندترین سطح پر بندہونے کا دوسرا ریکارڈ قائم کردیا ۔اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغازمثبت زون میںہوا ،اسکے بعد 100 انڈیکس نے سابقہ اپنے تمام ریکارڈ توڑ کر دوران ٹریڈنگ 1196 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 88 ہزار 958 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہوا۔100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر569 پوائنٹس مائنس بھی ہوا تاہم دوبارہ بلو چپ کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری نے انڈیکس کو پھر سے تن آور کیا۔

سرمایہ کاروں کااعتماد دن بھر بحال رہا اور وہ بالخصوص آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ ، فارما، ریفائنری اور آٹو کمپنیوں کے شیئرز میں متحرک دکھائی دیے ۔کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس 860 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1لاکھ 88ہزار 621پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 209 پوائنٹس بڑھ کر 57731 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 588پوائنٹس کے اضافے سے 113265 پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 110ارب کا منافع ہوا ۔اسٹاک ایکسپرٹ جبران سرفراز نے دنیاکو بتایا کہ ملکی شرح سود میں کمی کی توقعات اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی100 انڈیکس کو بڑا سہار دے گئی ، تاہم انکے مطابق آئندہ دنوں میں روول اوور ویک کا پریشر اور بھاری لیورج ادائیگیاں انڈیکس کی برق رفتار کو سست روی میں مبتلا کرسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں