بینک اسلامی کی ایپ میں ایک پے راست کیو آر کوڈ متعارف
ڈیجیٹل ادائیگیاں روزمرہ زندگی کا معمول بنتی جا رہی ہیں ، چیف آفیسراشفاق احمد
کراچی (بزنس ڈیسک)بینک اسلامی کی ایپ ایک میں ایک پے راست کیو آر کوڈ متعارف کرا دیا گیا جو پاکستان میں شرعی اُصولوں کے مطابق ادائیگی کا پہلا گیٹ وے ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے متعارف کردہ راست کے انفرااسٹرکچر پر تیار کردہ ایک پے کے کیو آر کوڈز کے ذریعے آن لائن ادائیگیوں کو ممکن بناتا ہے اور اس طرح صارفین اپنے بینک اکاؤنٹس سے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں، جبکہ تاجروں کو بھی محفوظ اور ہموار چیک آؤٹ تجربے کے ساتھ ادائیگیاں موصول ہوتی ہیں۔اس کیو آر کوڈ کا آغاز ایک کے زیرِ اہتمام ایک مشاورتی سیشن سے ہوا جس میں اسٹیٹ بینکاور راست کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیشن میں اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر، ڈیجیٹل انوویشنز اینڈ سیٹلمنٹ عماد الدین اور راست پیمنٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، احسن بن سعید شریک ہوئے ۔سیشن میں بینک اسلامی کے چیف آپریشنز آفیسر،سہیل سکندر،ایک کے چیف آفیسر،اشفاق احمد اور دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔ اشفاق احمد نے کہا کہ دنیاتیزی سے ٹیکنالوجی کے ساتھ تبدیل ہورہی ہے اور ڈیجیٹل ادائیگیاں روزمرہ زندگی کا معمول بنتی جا رہی ہیں۔ایک میں ہم ربا سے پاک ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کے لیے اپنے مشن پر ثابت قدم ہیں اور ایسی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو روزمرہ کے لین دین کو مزید آسان، تیز تر اور ہموار بنائیں تاکہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی جانب قومی وژن کی حمایت کی جا سکے۔