مانیٹری پالیسی کا اجلاس آج ، شرح سود میں کمی کا امکان

مانیٹری پالیسی کا اجلاس آج ، شرح سود میں کمی کا امکان

75بیسس پوائنٹس کی کمی سے شرح 9.75فیصد تک آجائیگی،ماہرین

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج (پیر)کو ہوگا ۔ ماہرین کے مطابق پالیسی ریٹ میں 75 بیسس پوائنٹس کی کمی کا امکان ہے جس سے یہ شرح 9.75 فیصد تک آ جائے گی جو کہ طویل انتظار کے بعد شرح سود کے دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں واپسی کا اشارہ ہو گا۔یہ اقدام اس لیے واضح ہے کیونکہ مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے ، میکرو اکنامک ماحول شرح سود میں کمی کے تسلسل کیلئے تیزی سے سازگار ہورہا ہے ، کرنسی کی قدر مجموعی طور پر مستحکم ہے ، کرنٹ اکاؤنٹ قابو میں ہے ، بین الاقوامی اشیا کی قیمتیں بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کم ہوئی ہیں اور صنعتی ترقی کے ساتھ مقامی طلب میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے اسے 10.5 فیصد کر دیا تھا۔ شرح سود کے 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 1,150 بیسس پوائنٹس کی کمی کی جا چکی ہے ۔بعض ماہرین کو توقع ہے کہ مرکزی بینک شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے اسے 10.0 فیصد تک لے آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں