بجلی ٹیرف میں کمی خوش آئند، مزید گنجائش موجود، صنعتکار
قیمتیں اب بھی علاقائی وعالمی سطح سے بلند ،ثاقب فیاض ،اسماعیل مکدا ودیگر
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)بجلی ٹیرف میں حالیہ کمی کو برآمدی اور صنعتی شعبے نے مجموعی طور پر خوش آئند قرار دیاتاہم صنعتکاروںکا کہنا ہے کہ اگرچہ 4 روپے سے زائدیونٹ کمی سے پیداواری لاگت میں کچھ حد تک بہتری آئے گی لیکن صنعتی بجلی کی قیمتیں اب بھی علاقائی اور عالمی مسابقتی سطح سے کافی بلند ہیں۔ دنیا سے بات چیف کرتے ہوئے وفاقی چیمبرکے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ بجلی نرخوں میں کمی سے صنعتی پیداواری عمل کو وقتی سہارا ملا تاہم بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صنعتی بجلی کو 9 سینٹس یونٹ تک لانے کا مشن مکمل نہیں ہوا۔
ثاقب فیاض مگوں کے مطابق حالیہ فیصلے کے بعد صنعتی بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے ۔پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے صدر جنید اسماعیل مکدا نے دنیا کوبتایاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان برآمدکنندگان کیلئے مثبت اشارہ ہے ،اس سے صنعتی چیلنجز میں کچھ حد تک کمی آئی ہے ، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تاحال بجلی ٹیرف میں کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے ۔دوسری جانب ہوزری مینوفیکچررزکے سرپرستِ اعلیٰ جاوید بلوانی نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف صنعت پر سپر ٹیکس عائد ہے اور دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں معمولی کمی کی جا رہی ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے ، اگر بیمار صنعت کو واقعی صحت مند بنانا مقصود ہے تو بجلی کی قیمتوں کو مسابقتی سطح پر لانا ناگزیر ہوگا۔