اسٹاک ایکسچینج : تیزی برقرار، انڈیکس 1842 پوائنٹس بڑھ گیا
آئی ٹی ودیگر شعبے متحرک، 100 انڈیکس 1 لاکھ 86 ہزار 900 پوائنٹس پر بند تیزی کے سبب 60فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ، حجم 15فیصدزائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے دن بھی کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے باعث 100 انڈیکس کی 1لاکھ 86ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی۔ تیزی کے سبب 60فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت 1کھرب 80ارب روپے سے زائدبڑھ گئی۔ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی، عالمی بینک کا پاکستان کیلئے 20ارب ڈالر کے ترقیاتی پیکیج کے اعلان سے تاثرات مثبت رہے جس کے نتیجے میں بینکنگ ، فرٹیلائزر اور آئی ٹی سمیت فارماسیوٹیکل میں سرمایہ کاری سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ گرین زون میں ہی رہی۔
ایک موقع پر 2460پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس کی 1لاکھ 87ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی لیکن آٹوموٹیو آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1842 پوائنٹس کے اضافے سے 186900 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 483پوائنٹس کے اضافے سے 57292پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 955.62 پوائنٹس کے اضافے سے 112154 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم 15فیصد زائد رہا۔ گزشتہ روز 84کروڑ 85لاکھ 59ہزار 214 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طو رپر486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 294 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،145 میں کمی اور 47 میں استحکام رہا۔