ٹی سی ایس اور نِپون ایکسپریس گروپ کی اسٹریٹجک شراکت داری

ٹی سی ایس اور نِپون ایکسپریس گروپ کی اسٹریٹجک شراکت داری

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کے معروف اور قابل اعتماد لاجسٹکس اداروں میں سے ایک ٹی سی ایس گروپ نے جاپان کے نِپون ایکسپریس پرائیویٹ لمیٹڈ (ساؤتھ ایشیا اینڈ اوشیانا) سے اسٹریٹجک شراکت داری کرلی ہے جو نِپون ایکسپریس ہولڈنگ، اِنک کا ذیلی ادارہ ہے۔

اس اشتراک کے تحت نِپون ایکسپریس گروپ نے ٹی سی ایس لاجسٹکس (پرائیویٹ)لمیٹڈ میں اقلیتی حصص حاصل کرلیے ہیں۔اس شراکت داری سے پاکستانی کاروباری اداروں اور صارفین کو نِپون ایکسپریس گروپ کی وسیع عالمی موجودگی کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں تک بہتر اور موثر رسائی حاصل ہوگی جبکہ نِپون ایکسپریس گروپ پاکستان میں اپنی لاجسٹکس صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ٹی سی ایس لاجسٹکس کے ملک گیر نیٹ ورک، عملی مہارت اور قابلِ اعتماد کسٹمر بیس سے فائدہ اٹھائے گا۔ٹی سی ایس گروپ کی صدر سائرہ اعوان نے اس تعاون کے حوالے سے کہا کہ نِپون ایکسپریس کے ساتھ یہ شراکت داری ٹی سی ایس اور پاکستان کے لاجسٹکس شعبے کیلئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

یہ پاکستان کی مارکیٹ کے مضبوط بنیادی اصولوں پر عالمی اعتماد کی عکاسی ہے اور پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی معیشت سے جوڑنے کیلئے بین الاقوامی معیار کی سپلائی چین سہولت فراہم کرنے کی ہماری صلاحیت کو نمایاں کرتی ہے ۔ نِپون ایکسپریس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس اشتراک کے ذریعے کمپنی پاکستان میں اپنی لاجسٹکس سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ٹی سی ایس لاجسٹکس کے وسیع ملکی نیٹ ورک اور مضبوط کسٹمر بیس سے فائدہ اٹھائے گی، جبکہ پاکستان سے وسطی ایشیا تک تجارتی راہداریوں کو بہتر بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں نئی لاجسٹکس خدمات کی تیاری اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ ضروریات کی نشاندہی پر توجہ دی جائے گی۔نِپون ایکسپریس گروپ دنیا کے صف اول کے لاجسٹکس گروپس میں سے ایک ہے ، جس کے آپریشنز ایشیا، یورپ، امریکا اور اوشیانا میں 50سے زائد ممالک اور خطوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں