3 دن سے جاری آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 197 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے: سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ تین دن سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 197 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اِن دہشت گردوں کے خلاف کچھ تعاقبی اور سینیٹائزیشن آپریشنز اب بھی جاری ہیں جو آخری شرپسند کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مادر وطن اور معصوم شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے پاکستان کے 22 بہادر جوانوں بشمول آرمی، ایف سی ، پولیس اور پی ایم ایس اے نے جام شہادت نوش کیا۔
علاوہ ازیں ان دہشت گردوں کی بربریت کا شکار معصوم شہریوں بشمول بلوچ شہریوں کی تعداد 36 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔