مہنگی بجلی و یوٹیلیٹیز سے ایس ایم ایزسیکٹر شدید بحران کا شکار
اسٹیٹ بینک طویل المیعاد سبسڈی والے پیکیجز متعارف کرائے ،ماہرین
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اس وقت غیر معمولی بحران کا سامنا کررہے ہیں جہاں بجلی اور یوٹیلیٹی کی بلند قیمتوں نے کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ کردیا ہے ۔ایس ایم ای سیکٹر کے ماہر سید رضا حسین نے کہا کہ بہت سے یونٹس اپنی استعداد سے کم پر کام کررہے ہیں یا بند ہونے کے قریب ہیں کیونکہ پیداواری لاگت کو اب مزید جذب نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے مارکیٹ (صارفین)پر منتقل کیا جاسکتا ہے ،ایس ایم ایز نقد رقم کی شدید قلت کا شکار ہیں،اسٹیٹ بینک کو چاہیے کہ وہ پیداواری صلاحیت میں اضافے کیلئے آسان شرائط اور طویل مدت پر مبنی مخصوص اور سبسڈی والے ایس ایم ای فنانسنگ پیکجز متعارف کروا کر ایک فعال کردار ادا کرے ۔ دریں اثنا حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سابق صدر فاروق شیخانی کا کہنا ہے کہ پاکستان فنانسنگ تک آسان رسائی، سستی توانائی، سادہ ٹیکس نظام اور تکنیکی تربیت کو یقینی بنا کر ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دے سکتا ہے۔