پری ارائیول اورپوسٹ پیمنٹ جی ڈی فائلنگ گیم چینجر

 پری ارائیول اورپوسٹ پیمنٹ جی ڈی فائلنگ گیم چینجر

کارگو کلیئرنس تیز،تاجروں کو کیش فلو میں ریلیف ملے گا،چیئرمین کسٹمز ایجنٹس ارشد خورشید

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان میں درآمدی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پری ارائیول فائلنگ اور پوسٹ پیمنٹ آف امپورٹ گڈز ڈیکلریشن (جی ڈی)کے نفاذ کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ارشد خورشید نے کہا ہے کہ یہ نیا نظام ملک میں درآمدی کلیئرنس کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بنانے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔یہ بات انہوں نے کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان میں منعقدہ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ارشد خورشید کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت درآمد کنندگان جہاز کی آمد سے قبل ہی گڈز ڈیکلریشن فائل کر سکیں گے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی، ٹیکسز اور حتیٰ کہ صوبائی سیس کی ادائیگی بعد میں ممکن ہوگی۔ اس سہولت سے نہ صرف کارگو کی بندرگاہوں پر قیام کا دورانیہ کم ہوگا بلکہ تاجروں کو کیش فلو کے دباؤ سے بھی نمایاں ریلیف ملے گا۔چیف کلکٹر کسٹمز(اپریزمینٹ) ساؤتھ واجد علی نے آگاہی سیشن سے میں جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تاجروں اور کسٹمز ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ پری ارائیول اور پوسٹ پیمنٹ جی ڈی فائلنگ کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ تیز رفتار کلیئرنس کو یقینی بنایا جا سکے ۔پاکستان سنگل ونڈو کے ڈائریکٹر خرم اعجاز نے نظام کے عملی خدوخال سے آگاہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن غلام نبی کمبو نے آٹومیشن پر مبنی اصلاحات کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کلکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن عبیر جاوید نے شرکاء کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے طریقہ کار کی تفصیل بیان کی۔اے پی سی اے اے کے وائس چیئرمین قمر الاسلام نے اصلاحاتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کلیئرنس میں تاخیر کم کرنے اور تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں